سعودی ایمبیسی: عمرہ زائرین کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل پھر سے شروع


 لاہور (24 نیوز): سعودی ایمبیسی نے اعتماد سینٹر میں عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل ایک بار پھر سے شروع کردیا، سعودی سفارتخانے نے بارہ سال سے پینتالیس سال تک کے عمرہ زائرین کے لئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی۔

 

ٹھوکر نیاز بیگ میں قائم اعتماد سینٹر میں عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل دن بھر جاری رہا، عمرہ زائرین کی کثیر تعداد پہلے ہی روز اعتماد سینٹر پہنچ گئی، سعودی ایمبیسی نے 12 سال سے کم اور 45 سال سے زائد عمرہ زائرین کو بائیومیٹرک تصدیق سے مستشنیٰ قرار دے دیا۔

 

اس موقع پر عمرہ زائرین کو پارکنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، 24 نیوز کی نشاندہی پر آپریشن انچارج اعتماد سینٹر نے پارکنگ کے مسئلے کو حل کردیا، اعتماد سینٹر کا عملہ موٹر سائیکل سوار سے 30 جبکہ کار سوار سے 50 روپے وصول کر رہا تھا، جسے 24 نیوز نے ختم کروا کر پارکنگ کو عمرہ زائرین کے لیے فری کروا دیا۔

 

دوسری جانب ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ملک بھر کے ٹریول ایجٹنس کو مراسلہ جاری کردیا، جس کے مطابق سعودی ایمبیسی نے بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو مزید ایک ماہ کے لیے موخر کردیا، لیکن آپریشن انچارج اعتماد سینٹر نے مراسلے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایمبیسی کا باضابطہ نوٹیفیکشن ہونے تک آپریشن جاری رہے گا، جس کے بعد عمرہ زائرین کشکمش کا شکار دکھائی دیئے۔

 

عمرہ زائرین تصدیق کے مراحل پر مطمئن دکھائی دیئے، لیکن انہوں نے حکومت سے عمرہ ویزہ کے لیے تصدیق ختم کرانے کا مطالبہ بھی کردیا تاکہ عمرہ ویزہ کے مرحلے کو مزید آسان بنایا جاسکے۔