اوپیک ممالک کی خام تیل کو مہنگا کرنے کی کوششیں ناکام

اوپیک ممالک کی خام تیل کو مہنگا کرنے کی کوششیں ناکام


 (24نیوز): اوپیک ممالک کی طرف سے پیداوار کم کر کے خام تیل مہنگا کرنے کی کوششیں امریکا نے ناکام بنا دیں، ایک روز میں قیمت 1.5 فیصد تک کم ہو گئی۔ شیل آئل کی پیداوار میں مسلسل اضافے کے باعث امریکا کی خام تیل کی یومیہ پیداوار 95 لاکھ بیرل تک پہنچ گئی.

امریکا کی طرف سے تیل کی پیداوار میں مسلسل اضافے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا ہونا شروع ہو گیا، ٹریڈنگ کے دوران امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کے سودے اسی سینٹ کی کمی سے ستاون ڈالر ساٹھ سینٹ فی بیرل، اور یورپی بینچ مارک برنٹ خام تیل کے پچانوے سینٹ کی کمی سے باسٹھ ڈالر ستتر سینٹ فی بیرل پر ہوئے۔

 رپورٹ کے مطابق شیل آئل کی پیداوار میں مسلسل اضافے کے باعث امریکا کی خام تیل کی یومیہ پیداوار 95 لاکھ بیرل تک پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے اوپیک اور روس کی طرف سے خام تیل کی پیداوار میں 18 لاکھ بیرل یومیہ کمی کا سلسلہ اگلے سال کے آخر تک جاری رکھنے کے اعلان سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی تھی۔