شاہد خاقان عباسی، امریکی وزیردفاع ملاقات، تعلقات کومضبوط بنانے پراتفاق


 اسلام آباد (24 نیوز): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے درمیان ہونے والے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ملکوں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔

 

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعاون اور شراکت داری بڑھانا چاہتے ہیں، افغانستان میں امن سے پاکستان مستفید ہوگا۔ اس موقع پر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رہنا چاہیے۔

 

اس موقع پر وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈہیل بھی موجود تھے۔