ابو ظہبی ٹیسٹ: چوتھا دن کیویز کے نام، 4 وکٹوں پر 272 رنز بنالیے

ابو ظہبی ٹیسٹ: چوتھا دن کیویز کے نام، 4 وکٹوں پر 272 رنز بنالیے


ابو ظہبی( 24نیوز )نیوزی لینڈنےتیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کومشکل میں ڈال دیا, نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے سنچری بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق  نیوزی لینڈ نے چوتھے دن کا کھیل 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز سے شروع کیا، اس وقت کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن 14 اور سومرویلے ایک رنز کے ساتھ موجود تھے تاہم سومرویلے 4، روس ٹیلر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ یوں نیوزی لینڈ کے 60 پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر کپتان ولیم سن کا ساتھ دینے نکولس آئے اور کپتان کا خوب ساتھ دیتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کو کریز پر ٹک کر نانی یاد کرادی۔کپتان سرفراز نے تمام باؤلرز کو آزمایا لیکن کیویز بیٹسمینوں نے ایک نہ چلنے دی اور چوتھے روز کے اختتام پر اپنی ٹیم کو مجموعی طور پر 272 رنز تک پہنچا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے 212 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان پر اب تک 198 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کی جانب سے ایک وکٹ یاسرشاہ اوردوسری شاہین آفریدی نےحاصل کی۔ یاسر شاہ نے اپنی 200وکٹیں مکمل کرکے عالمی ریکارڈ بنا دیا،انہوں نے82سال پرانا ریکارڈ توڑا ہے۔

تیسرے روز کاکھیل: اظہر اور اسد کی سنچریاں، شاہینوں کی پوزیشن مضبوط

میچ کے تیسرے روز  قومی ٹیم پہلی اننگز میں اظہر علی اور اسد شفیق کی سنچریوں کے بدولت 348 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کو کیویز پر 74 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی 134 جبکہ اسد شفیق 104 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیوزی لینڈ کے ولیم سومرویل نے 4 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور اعجاز پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنزبنالئے جبکہ پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 48 رنز درکار ہیں جبکہ اسکی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

دوسرے دن کا کھیل:

 نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا، حفیظ بغیر کوئی رن بنائے بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق کی اننگز بھی 9 رن سے آگے نہ بڑھ سکی، انہیں بھی بولٹ نے آؤٹ کیا۔ اس موقع پر اظہر علی اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 68 رنز جوڑے، 34 کے انفرادی سکور پر حارث سہیل  کو ٹم ساؤتھی نے پویلین کی راہ دکھائی۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے مزید کوئی نقصان اٹھائے 139 رنز  بنائے تھے۔

اس سے قبل  میچ کے دوسر ے روز وکٹ کیپر بلے باز واٹلنگ 42 اور ولیم سومرویلے نے 12 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اس موقع پر کیویز کا مجموعی اسکور7 وکٹوں کے نقصان پر  229  رنز تھا، تاہم سومرویلے سکور میں مزید کوئی اضافہ کیے بغیر بلال آصف کی گھومتی ہوئی گیند پر بولڈ ہوگئے، آنے والے بلے بازوں میں اعجاز پٹیل 4 اور ٹرینٹ بولٹ 1 رن بنا کر بلال آصف کا شکار ثابت ہوئے۔

کیویز کی جانب سے کپتان کین ولیمسن 89  اور واٹلنگ 77 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ جیت راول 45 اور گرینڈہوم 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،  پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے 5، یاسر شاہ نے 3 جبکہ اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

یاد رہے دونوں ممالک کے مابین کھیلی جانیوالی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔