بلے والوں کو خطرہ ہوا تو سپورٹ نہیں کرینگے:آصف زرداری



ٹنڈو الہٰ یار( 24نیوز )سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ بلے والوں کی کوشش ہے سسٹم توڑ دیں،الیکشن سے پہلے کہا تھا کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلے گا۔

ٹنڈو الٰہ یار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے حالات گھمبیر سے گھمبیر ہوتے جارہے ہیں،ہم نے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا،ماضی میں پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں ہوئیں،موجودہ حکومت کو خطرہ ہوا تو وہ سپورٹ کرینگے جو لے کر آئے ہیں،ہم حکومت کو سپورٹ نہیں کرینگے،ہماری اور ان کی سوچ میں فرق ہے،بہانہ بنا کر ون یونٹ کی سیاست کرنا چاہتے ہیں،پہلے بھی ہم نے اس کی مخالفت کی تھی اب بھی کرینگے،حکومت غیر سنجیدہ ،ان کے پاس سوچ سمجھ نہیں ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتا ہے میں اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا،ہم نے تو جیلیں بھگتیں ہیں کیا وہ یہ برداشت کرلے گا، نواز شریف نے نیب عدالتیں بنائیں آج ان کی حالت دیکھ لیں،گورنر ہاﺅس میں کچھ بھی بنادیں دیوار گرانے کی کیا ضرورت ہے، کراچی میں پچاس ہزار دکانیں گراکر لوگوں کو بیروزگار کیا گیا،دیوار گرے تو سکیورٹی کی پھر بھی ضرورت ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات میں کہا تھا کہ ملک میں قبل از وقت عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔