محمدحفیظ نےٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی

محمدحفیظ نےٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی


دبئی ( 24 نیوز ) کرکٹ کےپروفیسراورپاکستان کےتجربہ کارآل راؤنڈرمحمدحفیظ نےٹیسٹ کرکٹ کوخیربادکہہ دیا, محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ذاتی ہے اپنے کیریئر سے مطمئن ہوں، 2 ہفتے سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا سوچ رہا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مستقل ناقص فارم کے سبب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ پروفیسر کے نام سے مشہور حفیظ کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے قومی ٹیم میں واپسی ہوئی اور انہوں نے سنچری اسکور کر کے سلیکٹرز کے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایاتھا۔

آسٹریلیاکےخلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد حفیظ مشکلات میں گھرگئے، آخری 7ٹیسٹ اننگز میں صرف 66رنز بناسکے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جاری سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جاری ٹیسٹ میچ حفیظ کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے اور میچ کی دوسری اننگز میں اچھا اسکور کر کے ان کے پاس ٹیسٹ کرکٹ کا یادگار انداز میں اختتام کرنے کا سنہرا موقع ہے۔

محمد حفیظ 54 ٹیسٹ میچز میں 38 اعشاریہ 35 کی اوسط سے 3644 رنز بنا چکے ہیں جس میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد حفیظ کا سب سے زیادہ اسکور 224 رنز ہے،  اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد حفیظ 53 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔