میاں صاحب سن لو! لاہور کے وارث آگئے ہیں: قمر زمان قائرہ


لاہور (24نیوز):  پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ شریف برادران نے حکومتی اداروں کا تمسخر اڑایا تاہم مجھے کیوں نکالا کا صحیح جواب کل موچی گیٹ کے جلسے میں دیں گے۔

لاہور میں بادامی باغ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہم پر کرپشن کے الزام لگاتے تھے اور مشرف دور میں بھی ہمیں کٹہرے میں کھڑا کیا گیا تھا لیکن اب عدالت کہتی ہے کہ ان کا پورا ٹبر ہی چور ہے۔

 انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے کہا تھا کہ وہ عدالت کے فیصلے مانیں گے اور اب خود اس پر تنقید کر رہے ہیں، شریف برادران حکومتی اداروں کا تمسخر اڑایا ہے۔قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اب اڈیالہ جیل جانے کی تیاری کرلیں۔

انہوں نے سابق وزیراعظم کو للکارتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب سن لیں لاہور کے وارث آگئے ہیں اور انہیں مجھے کیوں نکالا کا صحیح جواب موچی گیٹ کے جلسے میں دیں گے۔

 مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پیپلز پارٹی پاکستانی کشمیر کی تقسیم کی حامی نہیں۔