عوام وعدہ کریں نواز شریف کو ووٹ دیکر ووٹ کی توہین کا بدلہ لیں گے، نواز شریف


پشاور(24نیوز) پشاور میں ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کے قریب جلسے سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ اگر میری حکومت ختم نہ ہوتی تو بے روزگاروں کو روزگار مل چکا ہوتا، عمران خان آپ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو کیوں دھوکہ دے رہے ہیں۔

  نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگو آپ کا حکمران جھوٹ بولنے اور الزام تراشی کا ماہر ہے، عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا ہے۔

 انہوں نے عمران خان پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں بھی صادق اور امین نے چوری کی، درختوں کے نام پر اربوں روپے خزانے سے نکالے گئے، کہاں گئے وہ پیسے اور کہاں ہے وہ اسکول اور یونیورسٹیاں جن کا عوام سے وعدہ کیا گیا تھا۔

 سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے کوئی کرپشن نہیں کی اور پیسہ نہیں کھایا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا، 5 لوگوں نے عوام کے فیصلے کے خلاف فیصلہ دیا اور یہ کھیل پچھلے 70 سالوں سے جاری ہے۔

  نواز شریف کا کہنا تھا کہ ووٹ عوام دیتے ہیں اور چند لوگ اس کو اپنے پاؤں کے نیچے روندتے ہیں، کیا چند لوگوں کو حق ہونا چاہیے کہ نواز شریف کو نکال دیں اور اب طلال چوہدری اور دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت میں بلایا گیا ہے۔

  نواز شریف نے کہا کہ ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں، نواز شریف کا ساتھ دیں گے تو عوام کو انصاف اور گھر بھی دیں گے۔