سینٹ الیکشن: شاہ محمود قریشی، چودھری پرویز الہٰی میں ملاقات


لاہور (24 نیوز) سینٹ الیکشن کے لیے شاہ محمود قریشی اور سابق وزیرا علیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی میں ملاقات، آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے مستقبل میں بھی مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وفد نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی سے ان کی رہائشگاہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سینٹ انتخابات کے معاملے پر آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو ملاقات کر کے حکمت عملی مرتب کرے گی۔ کمیٹی میں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے طارق بشیر چیمہ، چوہدری ظہیر الدین، عظیم الدین لکھوی ، بشارت راجہ جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے شفقت محمود ، عبد العلیم خان ، میاں محمود الرشید اور سبطین خان شامل ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے جو معاملات کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گی ۔ پہلے بھی مسلم لیگ (ق) کے ساتھ چلنے میں کوئی دشواری نہیں تھی اور اب بھی متفقہ حکمت عملی اپناتے ہوئے بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت کی سیاست میں وضع داری اور برد باری کسی سے پوشیدہ نہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملاقات میں سینٹ انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور فیصلہ ہوا ہے کہ ہم نے مل کر انتخاب میں اترنا ہے ۔ اس سلسلہ میں کمیٹی بن گئی ہے جو حکمت عملی مرتب کرے گی ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے چوہدری محمد سرور اور (ق) لیگ کی طرف سے کامل علی آغا امیدوار ہیں اور دونوں امیدوار انتخاب لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی اکٹھے چلتے آرہے ہیں اور سینٹ انتخابات کے بعد مل کر آگے چلیں گے۔

تحریک انصاف اور ق لیگ کے درمیان ہونی والی ملاقات اپوزیشن انتخابی اتحاد کی ایک کڑی ہے۔