سوات دھماکے کے شہیدوں کی نمازِ جنازہ میں آرمی چیف کی شرکت


پشاور (24 نیوز) سوات خود کش حملے کے گیارہ شہدا کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا، آرمی چیف اور اعلیٰ سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق سوات خود کش حملے کے گیارہ شہیدوں کی نمازِ جنازہ پشاور میں ادا کی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔ اعلیٰ سول اور عسکری حکام بھی نمازِ جنازہ میں شریک ہوئے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ بھی کیا اور سوات دھماکے میں زخمی نوجوانوں کی عیادت کی۔ حملے میں شہید ہونے والے جوان آصف کی نمازِ جنازہ اس کے آبائی شہر شکر گڑھ میں بھی اداکر دی گئی۔ شہید آصف کے والد اور بھائی کا کہنا ہے کہ پاکستان پر ہماری جان بھی قربان ہے۔

دوسری طرف خود کش دھماکے کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق صدر آصف زرداری، نواز شریف، عمران خان اور ایاز صادق سمیت اہم شخصیات نے حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ ٹوئنٹی فورنیوز بھی سوگ کی گھڑی میں برابر کا شریک رہا۔