ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی زبان بول رہے ہیں ، خواجہ آصف

ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی زبان بول رہے ہیں ، خواجہ آصف


اسلام آباد(24نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کی زیرصدارت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پرپارلیمانی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہ بلانے پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمانی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتیں قومی دفاع اور امریکی صدر کے بیان پر ایک زبان نظر آئیں۔ وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکا افغانستان میں اپنی ناکامی کا  ذمہ پاکستان پر نہ ڈالے،اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ان کا مزید کہناتھا کہ 33 ارب ڈالر امداد کا امریکی دعوی بے بنیاد ہے۔جبکہ وزیردفاع خرم دستگیر نے بتایا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگا۔

خواجہ آصف نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی زبان بول رہے ہیں ،امریکا اپنی ناکامی کا ملبہ ہم پر نہ ڈالے،ملکی مفاد میں فیصلے کریں گے، خرم دستگیر نے کہا امریکا کی متوقع شرارت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں ,دوسری جانب فاروق ستار اور شیخ رشید کا کہناتھاکہ قومی دفاع کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں۔

واضح رہے کہ پارلیمانی سلامتی کمیٹی میں فی الوقت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہ بلانے پراتفاق کیاگیا ہے, اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ اسی طرح کا ایک اور اجلاس بلا کر عسکری قیادت سے بھی بریفنگ لی جائے۔