وزیراعظم بننا عمران خان کی قسمت میں ہے ہی نہیں: امیر مقام


پشاور (24 نیوز) وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ ڈرانے دھمکانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، نہ ڈریں گے نہ ہٹیں گے۔

ن لیگ سیکرٹریٹ میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا کہ ن لیگ ٹرمپ کےبیان کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان ہی نے دی ہیں۔ ٹرمپ کو کیا اب خواب آیا ہے کہ ہم نے اُن کی قرنانیوں کی قدر نہیں کی۔ ڈرانے دھمکانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

 امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف جلد وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔ عمران کے مطابق پرویز خٹک نمبر ون ہیں۔ بے شک وہ کرپشن میں نمبر ون ہیں۔ صادق اورامین عمران خان جنگلہ بس کہا کرتے تھے۔ اب قرضوں پر بی آر ٹی منصوبہ شروع کر دیا ہے۔

 اُنہوں نے کپتان سے دریافت کیا کہ عمران کے 360 ڈیمز کہاں ہیں۔ سی ایم ہاؤس کو کب یونیورسٹی میں تبدیل کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا کے عوام مینڈیٹ لینا اوردینا دونوں جانتے ہیں۔ وزیراعظم بننا عمران کی قسمت میں ہے ہی نہیں۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کا چیف جسٹس وضاحت دے تو ابہام پیدا ہوتا ہے۔ ایک بندے نے جو مانا کہ اس نے اثاثے چھپائے اس کو چھوڑ دیاگیا۔ جس نے سب کچھ سامنے رکھا وہ نااہل کر دیا گیا۔ وقت کی ضرورت ہے کہ عوام کے سامنے حقائق لائے جائیں۔