سکیورٹی فورسزکی کارروائی،میجراسحاق شہیدپرحملہ میں ملوث 2دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسزکی کارروائی،میجراسحاق شہیدپرحملہ میں ملوث 2دہشتگرد ہلاک


ڈی آئی خان (24 نیوز) سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے میجراسحاق شہید پر حملہ میں ملوث 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ مختلف کارروائیوں میں 12 دہشت گردوں سمیت 19 سہولت کار بھی پکڑے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ بلوچستان کے علاقہ کلاچی میں میجراسحاق شہید پرحملہ میں ملوث دہشت گرد انجام کو پہنچ گئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق کارروائی میں کالعدم تنظیم کا ظاہر شاہ اپنے ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ چار دہشت گرد پکڑے گئے۔ میجراسحاق شہید 22 نومبر کو دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ کلاچی میں کارروائی میں خفیہ اطلاعات پر سرنگیں نصب کرنے کا منصوبہ بھی ناکام بنا دیا گیا۔

دریں اثنا آپریشن ردالفساد کے تحت ملک کے دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں جاری ہیں اور ایف سی بلوچستان کی خفیہ معلومات پر ژوب، سبی، ڈیرہ مراد جمالی، مچھ اورکلی اسماعیل سے آٹھ دہشتگردوں سمیت پندرہ سہولت کاروں کو پکڑلیا گیا۔ جن کے قبضہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ وبارود، 70 کلو دھماکہ خیز مواد اور دیگر رابطہ کے آلات برآمد ہوئے۔