ن لیگی ارکان نے اپنے ہی وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی

ن لیگی ارکان نے اپنے ہی وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی


کوئٹہ (24 نیوز) ن لیگی ارکان نے اپنے ہی وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔ وفاقی حکومت کے اتحادی مولانا فضل الرحمان نے بھی حمایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی جاچکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس جرم کی پاداش میں تحریک کے سرخیل سرفراز بگٹی کو راتوں رات وزارت سے برطرف کر دیا۔

ن لیگ کے رہنما سرفراز بگٹی نے جواب دیا کہ ان کا اختلاف اصولی ہے اور تحریک عدم اعتماد جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ ان کی ہی جماعت کے صالح بھوتانی نے بھی ان کے موقف کو جائز قرار دیدیا۔

وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لئے وفاق میں حکومت کے اتحادی مولانا فضل الرحمن بھی سرگرم ہیں، جو کہتے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنا کر رہیں گے۔

مولانا فضل الرحمن کے ارادے بھانپ کر وزیراعظم کو فکر لاحق ہوئی تو انہوں نے فوری طور پر ان سے ملاقات میں ہی عافیت جانی۔ ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمٰن قائل ہوئے یا نہیں، اس بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔