اٹلی میں تعینات شمالی کوریا کے سفیر لاپتہ ہوگئے

اٹلی میں تعینات شمالی کوریا کے سفیر لاپتہ ہوگئے


پیانگ یانگ ( 24نیوز ) اٹلی میں تعینات شمالی کوریا کے سفیر لاپتہ ہوگئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ اٹلی میں تعینات شمالی کوریا کے سفیر جو سونگ اِل لاپتہ ہو گئے ہیں، یہ اعلان اٹلی میں پیانگ یانگ کے سفیر کی ایک نامعلوم مغربی ملک سے سیاسی پناہ حاصل کرنے کی غیرمصدقہ اطلاعات کے بعد کیا گیا ہے، اٹلی کے دارالحکومت روم میں تعینات شمالی کوریا کے قائم مقام سفیر جو سونگ اِل کے والد اور سسر دونوں ہی شمالی کوریا کے اعلیٰ ترین اہلکاروں میں سے ہیں۔

یاد رہے شمالی کوریا کے آخری منحرف ہونے والے سینئر سفارتکار لندن میں تعینات نائب سفیر تھائی یانگ ہو تھے۔ 2016 میں تھائی یانگ ہو نے اپنا عہدہ چھوڑ کر اپنے بیوی اور بچوں سمیت جنوبی کوریا میں پناہ لے لی تھی، تھائی یانگ کے اس اقدام کو کِم جون ان کی حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا گیا تھا۔

جمعرات کو جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے بعد جنوبی کوریائی حکومت کے رکنِ پارلیمان کِم مِن کی نے رپورٹرز کو بتایا کہ جو سونگ اِل ایک ماہ پہلے روم میں سفارتخانے سے فرار ہو گئے تھے،قائم مقام سفیر جو سونگ اِل کے عہدے کی مدت نومبر کے آخر میں اختتام پذیر ہونی تھی مگر وہ نومبر کے شروع ہی میں سفارت خانے سے فرار ہو گئے۔