آصف زرداری اور پرویز مشرف کےخلاف این آر او کیس ختم

آصف زرداری اور پرویز مشرف کےخلاف این آر او کیس ختم


اسلام آباد ( 24 نیوز ) عدالت عظمیٰ نے سابق صدر آصف علی زرداری، پرویز مشرف اورسابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے خلاف این آر او کیس ختم کردیا۔  چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آصف زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں جمع ہوچکی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے دو سابق صدور آصف علی زرداری اور پرویز مشرف سمیت سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کےخلاف این آر او کیس ختم کر دیا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این آر او کیس کی سماعت کی،  چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے درخواست گزار کدھر ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ فیروز شاہ گیلانی علیل ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آصف زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے اثاثوں کی تفصیل آچکی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اومنی گروپ کیس میں بھی بہت پیش رفت ہو چکی ہے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔عدالت نے سابق صدور پرویز مشرف، آصف زرداری اور ملک قیوم کے خلاف این آر او کیس ختم کرتے ہوئے فیروز شاہ گیلانی کی درخواست نمٹا دی۔ درخواست گزار نے سابق صدور کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ این آر و سے کرپشن کیسز ختم کیے گئے جس سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ درخواست گزار نے استدعا کی تھی ملک کی لوٹی ہوئی رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔