زبیدہ آپا کی پہلی برسی ۔۔

زبیدہ آپا کی پہلی برسی ۔۔


کراچی ( 24 نیوز ) گھریلوکھانوں کے ٹوٹکوں سے شہرت پانے والی شیف زبیدہ آپا کی آج پہلی برسی ہے۔ کم وقت میں لاکھوں خواتین کے دلوں پر راج کیا، مختلف ٹی وی چینلز پر کھانوں کے شوز کئے۔

مزے دار کھانے پکانے والی اور اپنے ٹوٹکوں سے فیضیاب کرنے والی معروف شیف زبیدہ طارق چار اپریل 1945 کو بھارتی ریاست حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئیں،  زبیدہ طارق نے پاکستان کی نامور شیف اور ماہر امور خانہ داری کے طور پر شہرت حاصل کی،عرصہ دراز سے کھانے پکانے اور امور خانہ داری سے متعلق ٹی وی شوز کاحصہ رہیں جبکہ اسی سے متعلق کئی کتابوں کی مصنفہ بھی تھیں۔ 

زبیدہ آپا کے بھائی معروف لکھاری انور مقصود کا کہنا ہے کہ زبیدہ ان کی بہت اچھی دوست تھیں اور ان سے اکثر کہا کرتی تھیں کہ وہ اپنے بھائی سے زیادہ مقبول ہیں جس کا اندازہ ان کے جانے کے بعد ہوا ۔ مزیدار کھانوں کی ترکیبوں اور باورچی خانے وامورخانہ داری سے متعلق مسائل کا سادہ ٹوٹکوں سے حل بتانے میں مہارت رکھنے والی، نہایت نفیس طبعیت کی مالک اور مشرقی روایات کی امین، زبیدہ آپا نے کم وقت میں شہرت پائی اور لاکھوں خواتین کے دلوں پر راج کیا۔

زبیدہ آپا کے دس بہن بھائیوں میں معروف مصنفہ ثریا بجیا، انور مقصود اورشاعرہ زہرہ نگاہ بھی پاکستان کی معروف شخصیات میں شامل ہیں۔ ان کے بالوں کے انداز، جیولری اور خوبصورت لباس میں مشرقی رنگ نمایاں تھے۔ شفیق میزبان زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپا رضائے الہی سے 4 جنوری 2018 کو کراچی میں انتقال کر گئیں۔