سکھر میں تین منزلہ عمارت گرنے کاواقعہ، ہلاکتوں میں مزید اضافہ

سکھر میں تین منزلہ عمارت گرنے کاواقعہ، ہلاکتوں میں مزید اضافہ


سکھر ( 24نیوز ) تین منزلہ عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 9ہو گئی ،ایک اور خاتون کی لاش ریسکیو کر لی گئی ، اب بھی کئی افراد کے ملبے تلے دبے رہنے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں  حسینی روڈ پر 3 منزلہ عمارت گرنے کے واقعہ میں ملبے سے 27 افراد کو نکالا گیا ہے،44 گھنٹوں تک بلا تعطل جاری ریسکیو آپریشن مکمل ہو گیا،بلڈنگ کے ملبے سے جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی لاشیں اور 18 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا، زخمی ہونے والے افراد سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث لاڑکانہ منتقل کیا گیا، ملبے کے نیچے سے ایک اور خاتون کی نعش ریسکیو کر لی گئی، ملبے تلے اب بھی چند لوگوں کے دبے رہنے کا خدشہ ہے،6 میتوں کو رات دیر گئے نواں گوٹھ کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، تین میتو ں کو آج سپرد خاک کیے جانے کا امکان ہے۔

جائے حادثہ پر پاک فوج ، رینجرز، پولیس ،پی ڈی ایم اے ایدھی ودیگر اداروں کے رضاکار ریسکیو آپریشن میں مصروف تھے، پاک فوج کی کراچی پنوعاقل اور راولپنڈی کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا تھا،بلڈنگ کا ملبہ اٹھانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔