ایرانی جنرل سلیمانی کی نماز جنازہ ادا, لاکھوں افراد کی شرکت

ایرانی جنرل سلیمانی کی نماز جنازہ ادا, لاکھوں افراد کی شرکت


بغداد(24نیوز) بغداد میں القدس فورس کے سربراہ جنرل سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ عراقی وزیراعظم سمیت لاکھوں افراد شریک ہوئے۔ ایران کے سپریم کمانڈر اور صدر کے بعد اب پاسداران انقلاب کے ترجمان نے امریکا کو بدلہ لینے کی دھمکی دی ۔

عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی فضائی حملے میں جاں بحق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی پاپولر موبلائزیشن فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کی نماز جنازہ ہوئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، شرکاء نے امریکا مخالف نعرے لگائے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق قاسم سلیمانی کی میت ایران روانہ کی جائے گی،جہاں ہفتے کو مشہد میں بھی ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی، جس میں آیت اللہ خامنہ ای بھی شریک ہونگے، قاسم سلیمانی کی تدفین آبائی شہر کرمان میں ہوگی۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکی حملے کے بعد طاقت کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔امریکا کی اس وقتی خوشی کو بہت جلد سوگ میں بدل دیں گے۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔