محکمہ موسمیات نے بارش کی نویدسنادی

محکمہ موسمیات نے بارش کی نویدسنادی


اسلام آباد(24 نیوز) سورج اپنا مکھڑا دکھانے لگا تو سردی کابھی جوش کم ہوگیا، ملک کےمیدانی علاقوں میں شدید سردی کی لہرمیں کمی آگئی۔

لاہور میں جمعہ کےبعد ہفتے کو بھی سورج خوب چمکا، جس سے سردی میں نمایاں کمی آئی، شہرکےمختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا،ملک میں سب سے زیادہ بارش کالام میں 16 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،کوئٹہ میں تین ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ شہر میں مطلع ابرآلود رہا اور سردی کی شدّت میں کمی ہوئی۔

ملک کےبالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہربرقرار ہے، سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 9 رہا، جبکہ گوپس اور پاراچنار میں درجہ حرارت منفی چھے ریکارڈ کیا گیا، بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے، آسمان سے برستے سفید موتیوں نے حسین وادیوں کو اور زیادہ دلکش بنادیا، سب زیادہ برفباری کالام میں سترہ انچ ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش اور برفباری کے باعث اتوار اور پیر کے دوران بلوچستان کے شمالی اضلاع کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، ادھرجنوبی اور وسطی پنجاب کے علاقوں ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، سرگودھا، خوشاب، جھنگ اور فیصل آباد میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے، اتوار کے روز بالائی سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، خیبر پختونخوا میں پشاور،ڈی آئی خان، جنوبی وشمالی وزیرستان میں بارش متوقع ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer