عام انتخابات کیلئے کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ بتا دی گئی


اسلام آباد(24نیوز) 2018 کے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کے مرحلے آغاز ہوگیا، امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے، کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں الیکشن 2018 کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا مرحلہ شروع ہوگیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 200 سے نامزدگی فارم حاصل کئے۔ پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ کی صدر فریال تالپور نے رتوڈیرو کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 10 سے نامزدگی فارم وصول کئے۔ آصفہ بھٹو نے بھی سیاسی دنگل میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب سے بھی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ ن لیگ کے رہنما طاہر سندھو نے پہلا فارم حاصل کیا۔ن لیگ ہی کےشہزاد مقبول بھٹہ نے این اے 154 ملتان کیلئے نامزدگی فارم حاصل کرلیا ۔ خیبرپختونخوا میں بھی الیکشن 2018 کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا۔ پہلے دن 15 سے زائد امیدواروں نے نامزدگی فارم حاصل کئے۔

شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 8 جون تک وصول کیے جائیں گے۔ جس کے بعد امیدواروں کی ابتدائی فہرست آویزاں کی جائے گی۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 14 جون تک ہوگی۔ فیصلوں کے خلاف 19 جون تک اپیل دائر کی جا سکے گی۔ ٹربیونل اپیلوں پر سماعت 26 جون تک نمٹائے گا۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جون کو آویزاں ہوگی۔