کراچی: 90 فیصد لوگ انصاف سے محروم ہیں:عمران خان


کراچی (24نیوز) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایمانداری سے اداروں کو چلائیں تو ادارے ملک کا اثاثہ بنیں گے، ملک میں 90فیصد لوگ انصاف سے محروم ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ 90فیصد لوگ انصاف سے محروم ہیں، ہماری کوشش ہونی چاہیے غربت کا خاتمہ کیسے کریں، پاکستان میں صرف کچھ لوگوں کیلئے سہولتیں ہیں،  ایمانداری سے اداروں کو چلائیں تو ادارے ملک کا اثاثہ بنیں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں صرف کچھ لوگوں کیلئے سہولتیں ہیں، کیا ریاست غریب طبقے کی ذمہ داری اٹھانے کو تیار ہے؟ آج امیر اور غریب میں فرق بڑھتا جارہا ہے، ہم آج ترقی میں بنگلا دیش سے بھی پیچھے رہ گئے ہیں، پاکستان آہستہ آہستہ پیچھے جارہا ہے۔

  عمران خان نے کہا کہ جب ملک میں انسانیت کا نظام ہو تو اللہ کی برکت آتی ہے ،  ہمارے ملک میں ذرائع زیادہ ہیں لیکن یہاں غربت زیادہ ہے، مغربی ممالک میں لوگ جانوروں کو بھی انتہائی بہتر طریقے سے علاج کی سہولیات دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں ہمیں ہسپتالوں کی حالت ٹھیک کرنے میں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا ، ہم جب بھی ہسپتالوں کی حالت سدھارنے کیلئے کام کا آغاز کرتے تو وفاق کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتیں، مگر اس کے باوجود ہم نے فلاحی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا ، کے پی کے میں ہسپتالوں کی حالت انتہائی بہتر ہے اور اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔