"پاکستان میں حکمرانوں  کی کرپشن نے ترقی کو روکا"


بیجنگ (24نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے انتہائی اہم موقع ہے، چین کے تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں، دہشتگردی اور بدعنوانی نے معیشت کو بری طرح متاثرکیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ان  دنوں دورہ چین پر گئے ہو ئے ہیں جہاں انہوں نے چینی حکومت سے گئی اہم معاہدوں پر دستخط بھی کئے,وزیر اعظم عمران خان نے چین کے دارلحکومت بیجنگ میں سنٹرل پارٹی سکول کی تقریب  سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ چین کے تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں،غربت کا خاتمہ اور ریاستی اداروں کی مضبوطی اولین ترجیح ہےچین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان بھی ہرموقع پر چین کے ساتھ کھڑا ہوگا، سی پیک  پاکستان کے لئے انتہائی اہم موقع ہے جس سے فائدہ اُٹھاتے ہو ئے ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میری پارٹی کا مقصد ملک سے کرپشن کو ختم کرنا ہے، شروع میں ہماری جماعت کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تھی پاکستان میں حکمرانوں  کی کرپشن نے ترقی کو روکا،دہشتگردی اور بدعنوانی نے معیشت کو بری طرح متاثرکیا،  پاکستان کو وائٹ کالر کرائم سے نمٹنے کے لئے چین کی مدد درکار ہے، دنیا کا کو ئی بھی ملک پیسے کی وجہ سے غریب نہیں ہو تا بلکہ کرپشن کی وجہ سے ہو تا ہے,بد قسمتی سے پاکستان نے اپنی ساکھ کھودی.

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن کا آغاز 1980کی دہائی میں ہوا اس وقت میں کرکٹ کھیل رہا تھا میں نے فیصلہ کیا کہ کرکٹ چھوڑ کر سیاست میں جاؤں گا، 1996 میں کرپشن کے خلاف سیاسی کیریئرکا آغاز کیا،کرپشن کی وجہ سےملک کو بہت نقصان ہوا ملکی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی، 60کی دہائی میں پاکستان کی شرح نمو اچھی تھی اور دوسرے ممالک کے لئے ایک ماڈل تھا ،پاکستان ملائیشیا اور کوریا کے لئے بھی ایک ماڈل تھا  اس وقت ملک کو جو مسئلہ در پیش ہے وہ منی لانڈرنگ کا ہے ہر سال اربوں روپے ترقی یافتہ ممالک میں منتقل کئے جاتے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کا مزیدکہنا تھا کہ  چین کےمستقبل کی قیادت سے بات کر رہا ہوں ، گزشتہ سالوں میں چین نے جس طرح ترقی کی ہےوہ ہمارے لئے مثالی ہے اور ہم بھی ملک ایسی اصلاحات چاہتے ہیں جو ملکی معیشت میں بہتری لائیں،30سال میں چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالاجو کہ ہمارے لئے ترقی کی ایک مثال ہے ، پاکستان کی چین نے ہر مشکل میں مدد کی اور پاکستان بھی چین کے ساتھ کھڑا ہے، ہماری پارٹی کا اہم مقصد کرپشن کا خاتمہ کر نا ہے، ریاستی اداروں کو مضبوط کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔