حجاب کی حفاظت امریکی مسلمان فوجی خاتون نے عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا

حجاب کی حفاظت امریکی مسلمان فوجی خاتون نے عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا


واشنگٹن(24نیوز) امریکی فوج میں شامل مسلمان خاتون فوجی نے حجاب اتارنے سے متعلق تذلیل آمیز رویے کے خلاف فوج پر مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سپورٹ بٹالین کی مسلم سارجنٹ کیسیلا ویلڈویانوز نے بتایا کہ وہ باحجاب خاتون ہیں اور ان کے کمانڈسارجنٹ میجر نے دیگر سپاہیوں کی موجودگی میں جبراً حجاب اتارنے کا حکم دیا،انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ مسلمان شناخت ہونے کی وجہ سے انہیں اپنے ہی ساتھی فوجیوں سے انتہائی نفرت آمیز رویے کا سامنا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں 26 سالہ امریکی مسلمان خاتون فوجی نے بتایا کہ مجھے بعض اوقات دہشت گرد اور داعش کہہ کر پکارا جاتا ہے،غیر سرکاری ادارے ملٹری ریلیجن فریڈم فاؤنڈیشن کو ارسال کی گئی ای میل میں بتایا کہ اپنے کمانڈ سارجنٹ اور ساتھیوں کے متعصبانہ رویہ کی وجہ سے انہیں سخت پریشانی لاحق ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فوج کے محکمہ حقوق میں ان کی درخواست مسترد ہونے پر وہ امریکی فوج کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گی۔

واضح رہے کہ امریکی فوج میں سر ڈھانپنے اور حجاب لینے سے متعلق پالیسی 2017 میں متعارف کرائی گئی تھی جس کا تذکرہ آرمی مینیول 03-2017 میں درج ہیں۔