فریضہ حج کی ادائیگی کیلئےسائیکل سوار مدینہ منورہ پہنچ گئے

فریضہ حج کی ادائیگی کیلئےسائیکل سوار مدینہ منورہ پہنچ گئے


ریاض( 24نیوز ) رواں سال پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے سائیکلسٹ بھی فریضہ حج ادا کرنے پہنچے ہیں، مدینہ منورہ پہنچنے پر سعودی وزارت سیاحت کے اہلکاروں نے انکا شاندار استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سے جہاں لاکھوں فرزندان توحید فریضہ حج ادا کرنے فضائی اور بحری راستوں سے سعودی عرب پہنچے ہیں وہیں اس سال پاکستان سمیت مختلف ممالک کے سائیکل سوار عازمین بھی فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے مدینہ منورہ پہنچے ہیں

ان سائیکل سواروں نے 17 ملکوں سے گزرنے کے بعد حجاز مقدس کا یہ سفر 60 دنوں میں طے کیا، جن میں برطانیہ کے سائیکل سوار عازمینِ حج بھی شامل ہیں، مدینہ منورہ پہنچنے پر سعودی وزارتِ حج اور شعبہ سیاحت کے حکام نے سائیکل سوار عازمینِ کا پرتپاک استقبال کیا، تمام سائیکل سواروں کو تحائف دیے گئے اور ان کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔

ارض مقدس میں شہرِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم پہنچنے اور اپنے شاندار استقبال پر متعدد سائیکل سواروں کے خوشی کے باعث آنسو رواں ہو گئے اور سب نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارک باد بھی دی، اللہ اکبر کے نعرے گونج اُٹھے۔

سائیکل سوار عازمین نے روضہ رسولؐ پہ حاضری دی اور نوافل ادا کئے، عالم اسلام کی خوشحالی وترقی کیلئے دعائیں بھی کیں، کچھ روز قیام کے بعد عازمین سائیکل سوار بقیہ مناسک حج کی ادائی کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہونگے۔