نیب کو مطلوب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں روپوش

نیب کو مطلوب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں روپوش


اسلام آباد (24نیوز) نیب کو مطلوب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں روپوش ہیں، نیب کی درخواست کے باوجود وزارت داخلہ نے ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا، ذرائع کا کہنا تھا  کہ نیب نے جان بوجھ کر اسحاق ڈار کو مفرور قرار دئیے جانے کے احکامات وزارت داخلہ کو فراہم نہیں کئے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کےلئے 16 نومبر کو وزارت داخلہ کو ایک خط ارسال کیا، ذرائع کے مطابق خط بھی ادھورا تھا، نیب نے جان بوجھ کر احتساب عدالت کے احکامات وزارت داخلہ کو فراہم نہیں کئے۔

وزارت داخلہ کے ای سی ایل سیکشن کے ہاتھ دستاویزات کی عدم دستیابی کا جواز آگیا، جس پر وزارت داخلہ نے ایک کمیٹی تشکیل دے ڈالی، جس کا ابھی تک ایک اجلاس نہیں ہوا، ذرائع کے مطابق نیب اور وزارت داخلہ کا یہ طرز عمل مصنوعی معلوم ہوتا ہے۔

وزارت داخلہ کا یہ اقدام دراصل اپنی ہی پالیسی کی نفی کرتا ہے، احتساب عدالت بھی نیب کے طرز عمل پر تشویش کا اظہار کرچکی، لیکن نیب کا اصل چہرہ اس وقت سامنے آیا جب اسحاق ڈار کی مفروری کا اشتہار چسپاں کرنے میں تاخیر کی گئی۔

اس کے برعکس پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم اور ماڈل ایان علی کو اپنا نام ای سی ایل سے خارج کرانے میں کئی ماہ لگے۔