حکومت نےعوام کو  مہنگائی کاایک اور جھٹکا دے دیا


کراچی(24نیوز) تبدیلی کے دعویداروں نے عوام پر ایک اور بم گرادیا، وفاقی حکومت نے ریلوے کے کرایےبڑھادئے۔

تفصیلات کے مطابق  تبدیلی کی دعویداروں نے عوام کی جیبیں خالی  کرنے کے لئے ریلوے کے کرایے بڑھادئے، ڈالر قابو میں نہیں آرہا،بجلی، گیس اور پیٹرول پہلے ہی مہنگا کردیا گیا،  وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ روز ریلوے کے کرایوں میں 10 سے19فیصد تک اضافہ  کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیا،مختلف ٹرینوں کےکرایے میں اضافے کا اطلاق 7 دسمبر سے ہوگا۔

گرین لائن کا کراچی سےاسلام آباد کرایہ 540 روپے اضافہ کے بعد 5880روپے، قراقرم ایکسپریس اکانومی کلاس کا کراچی سے لاہور کا کرایہ170روپےاضافے کے بعد 1820 تک پہنچ گیا، جبکہ کراچی ایکسپریس،بزنس ایکسپریس،شالیمار اورشاہ حسین ایکسپریس کےکرایوں میں12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔

خیبرمیل،عوامی اورعلامہ اقبال ایکسپریس کے کرایوں میں13 فیصد اضافہ اور تیز گام کی تمام کلاسوں کےکرایے میں 15 فیصد اضافہ کردیا گیا، اس کے علاوہ پاکستان ایکسپریس کراچی سے پنڈی کے کرایوں میں سب سےزیادہ 19 فیصد اضافہ کیا گیا،سکھر ایکسپریس کی بھی تمام کلاسوں کے کرایے میں 15 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب  کراچی کے شہریوں نے کرایوں میں اضافے کو عوام پر بوجھ اور ظلم قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے،  نااہل حکمران بے نقاب ہو چکے ہیں قائد اعظم کا نام استعمال کر کے عوام کو بیوقوف بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔