پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا:صدر مملکت،وزیر اعظم


اسلام آباد(24نیوز) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کشمیر بھائیوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو ہماری غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی،مسئلہ کشمیرحل کیے بغیر پائیدارامن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، عالمی برادری بھارت کو جنگی جرائم سے روکنے میں کردار ادا کرے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کو بطور ڈھال استعمال کررہا ہے جہاں جولائی 2016 سے بھارتی مظالم کے باعث سیکڑوں کشمیری شہید اور 20 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جب کہ حریت رہنماؤں کومن گھڑت الزامات کی بنیاد پر ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں فوری بند کی جائیں، کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کا جلد حل یقینی بنایا جائے جب کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، سلامتی کونسل کی قراردادوں کیمطابق جموں و کشمیر تنازع کا جلد حل یقینی بنایا جائے اور عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کے منشور کے احترام کے لیے دباؤ ڈالے۔

واضح رہے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو ایک واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور کوہالہ پل اور منگلا پل سمیت پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے دوسرے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔