نواز شریف نے کل جلسے میں جھوٹ پر جھوٹ بولے:عمران خان

نواز شریف نے کل جلسے میں جھوٹ پر جھوٹ بولے:عمران خان


اسلام آباد (24نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں وزیر اعظم کو تمام قوانین سے آزادی ہو، وزیر اعظم کچھ بھی کرے لیکن اس سے کوئی بھی سوال نہ کرسکے۔ نواز شریف نے گزشتہ روز کے جلسے میں جھوٹ پر جھوٹ بولے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز (ہفتہ کو) نوازشریف نے جمہوریت کے بارے میں اپنے نظریات واضح کردیے اور کھل کر بتایا کہ وہ اس قسم کی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں ایک جمہوری حکومت کا سربراہ (منتخب وزیر اعظم) تمام قانون اور ضابطوں سے بڑھ کر ہوگا۔ وزیر اعظم منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری، اثاثے چھپانے اور پارلیمنٹ کے سامنے جھوٹ بولنے کے کام کرسکتا ہے کیونکہ وزیر اعظم لوگوں کا منتخب کردہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جمہوریت کی تعریف کے مطابق وزیر اعظم تمام اداروں کی تذلیل کرسکتا ہے، پارٹی کے غنڈوں کے ہمراہ سپریم کورٹ پر حملہ کرسکتا ہے اور ججز کو پیسوں سے بھرے ہوئے بریف کیس بھی دے سکتا ہے۔ وہ یہ سب کچھ ہر قانون سے بالاتر ہو کر کرسکتا ہے اور اس بارے میں اس سے کوئی کچھ نہیں پوچھ سکتا کیونکہ وزیر اعظم تو ملکی قوانین سے بالاتر ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے حسبِ توقع خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے جھوٹ پر جھوٹ بولا۔ حقیقت یہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں 350 مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز مکمل ہوچکے ہیں، نواز شریف اس کی حقیقت اپنے بندے بھیج کر بھی معلوم کرواسکتے تھے لیکن پولیس، صحت اور تعلیم کے شعبے میں ہونے والی ریفارمز کے حوالے سے انہوں نے جھوٹ سے کام چلایا کیونکہ وہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے ساتھ یہی بات کرنا چاہتے تھے۔