لاڑکانہ : ہزاروں سال قدیم سندھی ثقافت سے محبت کا انوکھا اظہار


لاڑکانہ (24نیوز) سندھو واس فائونڈیشن نے خواتین کی تیار کردہ ہینڈی کرافٹس اور تصاویروں کی نمائش کا اہتمام کیا، شرکا نے نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے مقامی ہال میں دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ہاتھوں سے تیار کردہ کڑھائی کے ملبوسات، ہینڈ بیگ، بیڈ شیٹس نمائش کیلئے رکھے گئے۔ سندھی ثقافت کی پہچان سندھی ٹوپی، اجرک، ہاتھ کے پنکھے اور ہاتھ سے تیار کی جانے والی دیگر اشیاء نمائش کا حصہ تھیں۔ دستکاری کے علاوہ تصویریں بھی نمائش کا حصہ تھیں۔ سندھ کے نامور صوفیوں، اولیاء اور شاعروں کے تصاویر، بچوں سے والدین کی محبت، قدیم مزارات سمیت تاریخ کے متعلق دیگر شاہکار تصاویر نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔ وہاں موجود لوگوں نے فنکاروں کی تخلیقی صلاحیت کی دل کھول کر حوصلہ افضائی کی۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ نمائش کا مقصد دیہاتوں کی خواتین کے ہنر کی مناسب پذیرائی ہے۔ تاکہ دیہی خواتین کو مالی فائدہ پہنچ سکے۔ سندھ کی تہذیب ہزاروں سال پرانی ہے جہاں کے لوگ اپنی ثقافت سے محبت کرتے ہیں وہاں سے جڑی اشیاءاور تصاویر کی نمائش کا انعقاد ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل کو اپنی تہذیب اور تاریخ کے متعلق آگاہی مل سکے۔