بھارت نے مقبوضہ وادی کشمیر کو قبرستان بنا دیا ہے: مشعال ملک


اسلام آباد (24 نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر کشمیر میں مظالم بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالے۔

وفاقی دارالحکومت میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہبھارت نے مقبوضہ وادی کو قبرستان بنا دیا ہے، روز کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیلی جاتی ہے۔

’’شادی شدہ ہوتے ہوئے بیوہ کی زندگی گزار رہی ہوں‘‘

مشعال ملک نے اپنے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شوہر بیماری کے باوجود قید و بند صعوبتیں برداشت کر رہا ہے، جبکہ وہ خود شادی شدہ ہوتے ہوئے ایک بیوہ کی زندگی گزار رہی ہیں۔

ان کی زیر قیادت چائنہ چوک سے ڈی چوک تک یکجہتی ریلی کا انعقاد ہوا جس میں سکولوں کے بچے، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

ریلی کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کا نوٹس لے، ایٹمی جنگ کا خطرہ اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

مزید دیکھیے