بلوچستان:سیاسی جماعتوں کے صلاح مشورے ,سینیٹ انتخابات کی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی


بلوچستان(24نیوز) سینیٹ انتخابات کے لئے سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، سیاسی جماعتوں نے صلاح مشورے اورجوڑ توڑ شروع کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ، مسلم لیگ ق اوران کی اتحادی جماعتوں نے 65ارکان میں سے 39ممبران کی حمایت کا دعویٰ کردیا۔ 4جنرل ، ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک خاتون کی سیٹ پر ان کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ ایسے میں مگسی گروپ بھی میدان میں آ گیا۔سابق گورنر اور وزیراعلیٰ نواب ذوالفقار علی مگسی کے صاحبزادے سیف اللہ مگسی نے پیپلزپارٹی جبکہ سیف اللہ مگسی کی والدہ پروین مگسی نے ق لیگ سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ن لیگ کے جمالی خاندان نے بھی بھاگ دوڑ شروع کردی۔سابق وزیراعلیٰ جان محمد جمالی اپنی صاحبزادی ثناءکو بطور امیدوار سامنے لے آئے۔اس وقت ثناءجمالی اور انوارالحق کاکڑ کو ٹکٹ جاری کرنے کا باقاعدہ فیصلہ ہوچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ اوران کے اتحادی پارٹی پلیٹ فارم سے ہٹ کر آزاد حیثیت میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔بی این پی، جمعیت علماء اسلام، نیشنل پارٹی اور پشتونخوامیپ نے کاغذات نامزدگی تو حاصل کئے ہیں مگر ان کے امیدواروں کے نام سامنے نہیں آسکے۔