کمزور حکمرانوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر جوں کا توں ہے: اعتزاز حسن


لاہور (24 نیوز) چوہدری اعتزاز حسن نے کہا کہ کشمیر ہماری جان ہے، لیکن کمزور حکمرانوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر جوں کا توں ہے۔

پیپلز پارٹی نے آج یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے موچی گیٹ گراؤنڈ لاہور میں پاور شو کا مظاہرہ کیا۔ جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز حسن نے کہا کہ دونوں بھائی سعودی عرب بھاگے جاتے ہیں، سعودی عرب میں چھوٹے شہزادوں سے ملتے ہیں اور ان کے گھٹنے چھو کر کہتے ہیں کہ ہمیں بچائیں۔ واپس آکر پیر سیالوی کا گھٹنہ پکڑتے ہیں۔ ’’شریف برادران کا اصول ہے کہ کمزور کو سانس نہ لینے دو اور طاقتور کے سامنے سانس نہ لو۔‘‘نواز شریف نے عدلیہ کو سوفٹ ٹارگٹ بنایا، لیکن اب وہ عدالت کے بند کمرے میں محصور ہوچکے ہیں۔ اسلیے یہ دیوار توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شریف خاندان نے ایک ثبوت بھی عدلت میں اپنی صفائی میں نہیں پیش کیا۔

جلسے میں لاہور سمیت کشمیر، منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ سے پارٹی جیالوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پنڈال میں جیالوں کا جوش و خروش عروج پر تھا۔ ہر طرف پارٹی ترانوں کی گونج تھی، نئے ترانے نے بھی جیالوں کا لہو گرمایا۔

پیپلز پارٹی کے رہنماوں کیلئے جلسہ گاہ میں ستر فٹ لمبا، چوبیس فٹ چوڑا اور دس فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا۔ لاہور کے تمام راستوں پر پارٹی بینرز اور پرچموں کی بہار رہی۔ آصف زرداری کو شیروں کا شکاری، تاج پوش بادشاہ اور پہلوان دکھا کر جیالوں نے اپنے قائد سے محبت کا منفرد اظہار کیا۔ جلسے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

سیف سٹی پراجیکٹ کے 300 سے زائد کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی گئی۔ موچی گیٹ کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے تھے۔ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے ٹریفک کیلئے متبادل روٹس بھی بتا دیئے گئے تھے۔