میاں صاحب آپ تو ڈر کر معاہدے کر کے بھاگ جاتے ہیں: آصف زرداری


کراچی (24 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب آپ تو ڈر کر معاہدے کر کے بھاگ جاتے ہیں، ہم ڈرنے والے نہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ن لیگ نااہل حکمرانوں کی حکومت ہے، ان کے وزیر خارجہ پنجابی میں انگریزی بولتے ہیں۔ میاں صاحب حکومت بھی آپ کی، مخالفت میں بھی آپ ہی ہیں۔ پردے کے پیچھے کیا چوری ہور ہی ہے؟ ہم بھی بتائیں گے آپ نے ضیا کے ساتھ مل کر کیا کیا کیا؟ میاں صاحب آپ تو خود ایک راز ہو، آپ جس مقصد کیلئے لائے گئے آپ نے وہ پورا کیا۔ آج کل کسی کی بات نہیں چھپتی۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ بی بی کو یہ دکھ تھا کہ وہ بھٹو صاحب کا چہرہ نہ دیکھ سکیں۔ میں بھٹو نہیں، میرے اندر بھٹو کی روح ہے۔ پیپلز پارٹی ہر غریب کی پارٹی ہے۔ مراد علی شاہ آئندہ بھی آپ کے وزیراعلیٰ ہونگے۔ پیپلز پارٹی نے لوگوں کو اپنا حق چھیننے کا شعور دیا۔ پیپلز پارٹی نے رہنماؤں کو مجبور کیا کہ وہ عوام کے پاس جائیں۔ پیپلز پارٹی جب بھی اپوزیشن میں تھی ہمارے لیڈر جیل گئے۔