"شہید بھٹو اور بی بی کا مشن جاری رہے گا"



کراچی(24نیوز)قائد عوام ذوالفقارعلی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی قیادت و جیالے شہید بھٹو اور شہید بی بی کےمشن کی تکمیل کے لئےجدوجہد کرتے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےشہید ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ پر ان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت و جیالے شہید بھٹو اور شہید بی بی کے مشن کی تکمیل کےلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، شہید بھٹو کے نظریےپر سختی سے کاربند رہنا میرا نصب العین ہے، عوام کو شہید بھٹو کے مشن سے کمٹمنٹ، ویژن، تدبر اور بہادوری کے متعلق آگہی دینا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو غیرمعمولی زرخیز ذہن کے مالک تھے، جمہوریت بے مثال طور پر ان کے خون میں رچی بسی تھی، وہ بے مثال سیاسی ویژن کے باعث متفقہ دستور دینے میں بھی سرخرو ہوئے، انہوں نے 90 ہزار جنگی قیدیوں کو بھارت سے آزاد کرایا،  ہزاروں میلوں پر محیط پاکستانی زمین بھارتی قبضے سے واگزار کرائی، شملہ معاہدہ کیا۔

 بلاول بھٹو زرداری  کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے جوہری پروگرام کی بنیاد شہید بھٹو نے رکھی،  اسٹیل ملز اور پورٹ قاسم جیسے سینکڑوں میگا پروجیکٹس کے ذریعے معاشی انقلاب برپا کیا،  ملک میں سینکڑوں ہسپتال اور یونیورسٹیز قائم کیں، شہید بھٹو کے عدالتی قتل نے عوام کو ان کی خدمات اور صدیوں میں پیدا ہونے والے عظیم مدبر سے محروم کردیا،   شہید بھٹو کی ناقابلِ تسخیر سیاسی میراث ملک میں جمہوریت کی آبیاری کرتی رہے گی۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں تقریبات، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو لاہور،سابق صدرآصف علی زرداری اسلام آباد میں کیک کاٹیں گے۔