مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا ، خواجہ برادران کا انکشاف



لاہور( 24نیوز )احتساب عدالت میں پیراگون کیس کی سماعت، خواجہ برادران عدالت پیش ہو گئے، عدالت کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں،احتساب عدالت نے سماعت کے بعد دونوں کا 14روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کے سپرد کردیا۔

ایم اےاو کالج سےسول سیکرٹریٹ جانے والے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، عدالت جانے سے روکنے پر کارکنوں کا احتجاج اور نعرے بازی کی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ منی بجٹ آرہا ہے جو مہنگائی کا طوفان لا رہا ہے، پاکستان نالائقوں کے حوالے کردیا ہے اور ان کو حکمران بنانے والے خود پچھتا رہے ہیں، ملک میں انصاف اور احتساب کے نام پر انتقام ہورہا ہے جو زیادہ دیر نہیں چلے گا، یہ وقت بدلے اور بہت جلد بدلے گا۔

واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو نیب نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں انہیں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer