شاہینوں نے کینگروز کو ہار کا مزہ چکھا دیا

شاہینوں نے کینگروز کو ہار کا مزہ چکھا دیا


ہرارے(24نیوز)  سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے  آسٹریلیا کو 45  رنز سے شکست دیدی ۔

تفصیلات کے مطابق  آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان   کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے بیٹنگ میں جارحانہ کھیل کھیلتے ہوئے آسڑیلیا کو 195 رنز کو  ہدف دیا ۔ 

گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان اور حارث سہیل نے اننگز کا آغاز کیا اور 8 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کو حارث سہیل کی شکل میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو کوئی رنز نہ بناسکے۔حسین طلعت اور فخر زمان نے دوسرے وکٹ پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 72 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 80 تک پہنچا تو حسین طلعت میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، وہ ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 30 رنز بناسکے۔

کپتان سرفراز احمد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آسٹریلوی بولروں کے خلاف مزاحمت کرنے والے فخر زمان 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد اسٹونیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 44 گیندوں پر 3 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔شعیب ملک 27 اور فہیم اشرف بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ آصف علی نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر شاندار 37 رنز بنائے.

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر اور اینڈریو ٹائی نے 2،2 جب کہ گلین میکسویل اور اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں آسٹریلین بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور وقتا فوقتا پاکستانی باولرز کا شکار بنتی رہی۔ آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 149 رنز بنا سکی۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، محمد عامر، عثمان خان، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی اور محمد نواز کی جگہ عثمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔