نگران وزیر اعظم کی 6 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا


اسلام آباد(24نیوز)نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک کی6رکنی وفاقی کابینہ نےحلف اٹھالیا۔کابینہ ارکان کووزارتوں کےقلمدان بھی سونپ دیےگئے۔ 

ایوان صدر میں صدرمملکت ممنون حسین نےنگران وفاقی کابینہ سےحلف لیا۔ نگران کابینہ کے ارکان میں شمشاد اختر، عبداللہ حسین ہارون، روشن خورشید برونچا، اعظم خان، سید علی ظفر اور محمد یوسف شیخ شامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے نوٹی فکیشن کے مطابق عبداللہ حسین ہارون کو وزارت خارجہ اور نیشنل فوڈ سکیورٹی کا قلمدان دیا گیا جب کہ وزارت دفاع و دفاعی پیداوار کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہو گا۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارت خزانہ، شماریات اور وزارت منصوبہ بندی کا قلمدان دیا گیا ہے۔ وزارت تجارت اور وزارت انڈسٹریز اور پیدوار کا اضافی چارج بھی ڈاکٹر شمشاد اختر کے پاس ہو گا۔

اعظم خان کو وزارت داخلہ، وزارت کیڈا اور وزارت نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان دیا گیا ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہو گا۔

کابینہ میں شامل سید علی ظفر کو وزارت قانون و انصاف، وزارت پارلیمانی امور اور وزارت اطلاعات کا قلمدان دیا گیا ہے۔

یوسف شیخ کو وزارت وفاقی تعلیم پروفیشنل ٹریننگ کا چارج دیا گیا ہے۔ جب کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور وزارت مذہبی امور کا اضافی چارج بھی اُن کے پاس ہو گا۔

روشن خورشید بروچہ کو وزارت انسانی حقوق، کشمیروگلگت بلتستان امور اور وزارت سیفران کا قلمدان دیا گیا ہے۔

واضح رہے یہ تمام لوگ عام انتخابات 2018  کے انعقاد تک اس عہدے کو سنبھالیں گے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔