وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے نماز عید کہاں ادا کی؟



اسلام آباد(24نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے عید کی نماز فیصل مسجد میں ادا کی، وزیراعظم عمران خان نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں، دیگر سیاسی رہنماؤں نے ملک کے مختلف شہروں میں عید الفطر کی نماز ادا کی اور عوام سے عید ملی۔

ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔عیدالفطر کی مناسبت سے ملک بھر کی چھوٹی بڑی مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے جن میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاﺅں کی گئیں۔اسلام آباد میں عید کا سب سے بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد جب کہ راولپنڈی میں لیاقت باغ میں ہوا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر کی نماز اسلام آباد میں فیصل مسجد میں ادا کی. وزیر اعظم عمران خان نے نماز عید اسلام آباد میں ادا کی، نماز عید کے بعد وزیراعظم شہریوں میں گھل مل گئے اور لوگوں سے عید ملے۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ عید الفطر کے مبارک موقع پر تمام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک بادپیش کرتے ہیں۔خدا کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں یہ خوشیوں بھرا دن عطا کیا۔عیدالفطرکامقصدمسلمانوں میں اتحاد،اخوت،بھائی چارہ،ایثاراورسخاوت جیسے جذبات کو فروغ دینا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں نماز عید الفطر ادا کی ،  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے. بلاول بھٹو زرداری نے شہیدوں کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ پڑھی. بلاول بھٹو نمازعید کی ادائیگی کے بعد شہریوں میں گھُل مل گئے، شہریوں نے بلاول بھٹو کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں.

سابق صدر آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں پارٹی عہدیداروں کے ساتھ عیدالفطر کی نماز ادا کی ۔اس موقع پر ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی .

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں نماز عید ادا کی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قوم کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ آج فلسطین کے لوگوں کو بھی یاد رکھنا ہے،یہ دلوں کو جوڑنے،فاصلے مٹانے کا موقع ہے۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔