دی شیپ آف واٹر ،آسکر ایوارڈ لے اڑی


لاس اینجلس(24نیوز) دی شیپ آف واٹر آسکر ایوارڈ لے اڑی، سال کا بہترین اداکار،اداکارہ کون قرار پایا،تقریب میں سری دیوی اور ششی کپور کو بھی یاد کیا.

تفصیلات کے مطابق دل کی دھڑکنیں تھم گئیں۔شوبز کی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکر کا اعلان کردیا گیا۔ لاس اینجلس میں ہونے والے اس میلے میں دی شیپ آف واٹر سال کی بہترین فلم کا ایوارڈ لے اڑی۔ کوکو بہترین اینی میٹڈ فلم قرار پائی۔ فلم تھری بل بورڈز آؤٹ سائڈ ایبنگ، میسوری کے لیے فرانسیس میکڈورمینڈ کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم ڈارکیسٹ آوور گیری اولڈمین نے جیت لیا۔

دوسری جانب تقریب میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ لینے سٹیج پر آئے گولرمو ڈیل ٹورو نے لفافہ کھول کر ایوارڈ لینے سے پہلے اپنے نام کی تصدیق کی کہیں گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی غلط اناونسمنٹ تو نہیں ہوئی۔ شومیں شریک 93 سالہ ایوا میری سینٹ نے اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ابھی محسوس ہوا وہ آسکر ایوارڈ سے بڑی ہیں۔

واضح رہے کہ ریڈ کارپٹ کے لیے آئی اداکارہ ریٹا مورینو جنہوں نے اپنا 56 برس پرانا گاؤن پہنا۔یہ وہی گاؤن ہے جو انہوں نے 1962 میں فلم ویسٹ سائیڈ سٹوری میں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے پہنا تھا۔