بلوچستان, پاکستان کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہے: آرمی چیف


  کوئٹہ(24نیوز)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے آواران میں تربت بلیدہ روڈ اورجھاؤ میں کیڈٹ کالج کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھ  دیا، مکران فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کےکم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی اوریہاں امن کا خواب پورا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بلوچستان کا 2 روزہ  دورہ کیا۔ گزشتہ شام آرمی چیف نے تربت میں مقامی عمائدین سے ایف سی ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقادربزنجو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، آئی جی ایف سی میجر جنرل طارق امان بھی موجود تھے۔

آرمی چیف نے مکران فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔ آرمی چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ فیسٹیول میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت بلوچستان میں امن کی واپسی کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔بلوچستان:سیاسی جماعتوں کے صلاح مشورے ,سینیٹ انتخابات کی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی
 آرمی چیف نے گزشتہ رات تربت میں بسر کی۔ انھوں نے آواران کا دورہ کیا اور تربت بلیدہ روڈ کی تعمیرکا افتتاح کیا۔ آرمی چیف نے جھاؤ میں کیڈٹ کالج آواران کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ آرمی چیف نے گوادر اورتربت میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور صاف پانی کےمنصوبے کا افتتاح بھی کیا۔