منی لانڈرنگ کیس:آصف زرداری،فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع

منی لانڈرنگ کیس:آصف زرداری،فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع


کراچی (24نیوز)بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت گیارہ ملزموں کی عبوری ضمانت میں گیارہ مارچ تک توسیع کردی۔ آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی،چیئرمین نیب کی جانب سے کیس کی نیب کورٹ اسلام آباد منتقلی کی درخواست دائر کردی گئی۔

بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، فریال تالپور ، حسین لوائی اور دیگر ملزم پیش ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے سماعت گیارہ مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ملزموں کی عبوری ضمانت میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔

ملزموں کے وکلا نے کہا کہ نیب سے کیس منتقل کرنے کی درخواست کی نقول نہیں ملیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ جو ملزم عدالت میں ہیں،، انہیں ابھی نیب درخواست کی نقول فراہم کی جائے، آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کیس کراچی کا ہے تو کراچی میں ہی سنا جائے۔

منی لانڈنگ کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے لئے نیب چیئرمین کی جانب سے بینکنگ کورٹ میں درخواست پیش کردی گئی۔ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کیس کو ایف آئی اے سے نیب منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔تمام دستاویزات اور شواہد فوری طور پر نیب کے حوالے کئے جائیں۔جے آئی ٹی نے جعلی اکاونٹ سے متعلق شواہد اکٹھےکئے ہیں۔ ٹیم کے ارکان نیب سے معاونت کریں۔ عدالت سے استدعاہے کہ کیس نیب کورٹ اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer