سورج اور لوڈشیڈنگ کا ایکا، پاکستانیوں کو ستانے کی ٹھان لی

سورج اور لوڈشیڈنگ کا ایکا، پاکستانیوں کو ستانے کی ٹھان لی


کراچی ( 24نیوز )ملک کے مختلف شہروں میں سورج آگ برسا رہا ہے تو لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی سانسیں روک رکھی ہیں،شدید گرمی سے جینا محال ہوگیا ہے،شارٹ فال اور لائن لاسز کے نام پر گھنٹوں بجلی بند ہے۔

دو سری طرف محکمہ موسمیات بھی خوشخبری سنانے کا نام نہیں لے رہا اس کی طرف سے جب بھی آئی بری خبر ہی آئی ہے،اس نے پیشنگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے اور سندھ کے بیشتر علاقوں، بلوچستان میں تربت، چاغی، سبی اور پنجاب کے جنوبی شہروں میں سورج آج بھی گرمی برسائے گا۔

شہرِ قائد کراچی میں سمندری ہوائیں چلنے اور درجہ حرارت میں قدرے کمی کا امکان ہے لیکن آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے،شہریوں کو ہیٹ سٹروک کا سامنا ہوسکتا ہے اس لیے ڈاکٹروں نے بھی ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

یہ بھی ضرور پڑھیں:رمضان المبارک کی آمد،حکومت عوام پر ہوئی مہربان،18 اشیا مزید مہنگی کر دیں

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج جنوب مغرب سے ہوائیں 14کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ 2 روز کے دوران کراچی کے باسیوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا، جہاں جمعرات کو درجہ حرارت 44 جبکہ جمعے کو 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،گزشتہ روز ملک کا گرم ترین مقام تربت اور مٹھی رہا جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔