رمضان المبارک قریب آتے ہی مرغی کو بھی پر لگ گئے


لاہور: رمضان کی آمد  آمد مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے دور ، رمضان المبارک قریب آتے ہی مرغی کو بھی پر لگ گئے، ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی کا گوشت بائیس روپے فی کلو مہنگا ہوگیا۔

سٹی 42 نیوز ذرائع کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں بارہ روپے فی کلوگرام کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد برائلر مرغی کا گوشت دوسو باسٹھ روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں:رمضان المبارک کی آمد،حکومت عوام پر ہوئی مہربان،18 اشیا مزید مہنگی کر دیں
 
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زندہ برائلر کی قیمت پرچون میں ایک سو اسی روپے متعین کی گئی، جبکہ تھوک میں اس کی قیمت 174 روپے رہی۔ شہریوں نے برائلرمرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو یکسر مسترد کردیا۔

پڑھنا نہ بھولیں:حکومتِ وقت کی عوام پر ایک اور مہربانی، پیٹرول پھر سے مہنگا کر دیا
 
 شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے قریب آتے ہی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔ ریگولیٹری باڈیزاور پنجاب حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے میں مصروف ہے، شہریوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔