چین سے مالی امداد نہ ملنے پر پاکستان سٹاک ایکس چینج دوبارہ مندی کا شکار

چین سے مالی امداد نہ ملنے پر پاکستان سٹاک ایکس چینج دوبارہ مندی کا شکار


کراچی (24 نیوز) چین سےمالی امداد نہ ملنے کے باعث پاکستان سٹاک ایکس چینج دوبارہ مندی کا شکار ہو گئی، ہنڈرڈ انڈیکس پانچ سو سے زائد پوائنٹ گر گیاجبکہ کاروبار بھی 27 فیصد کم ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 3 سو پوائنٹ کی کمی پر ہوا، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں ساڑھے نو سو پوائنٹ کی کمی بھی دیکھی گئی، تاہم سستے ریٹ ہر شئیرز کی خریداری بڑھنے سے مندی کم ہو گئی اور کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 510 پوائنٹ کی کمی سے اکتالیس ہزار چار سو ترانوے پر بند ہوا۔

علاوہ ازیں مجموعی طور پر اکیس کروڑ چالیس لاکھ شئیرز کا کاروبار ہوا جبکہ شئیرز کی مجموعی مالیت میں 115 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، ماہرین کے مطابق حکومتی وزرا اور مشیروں کے چین سے خوشخبری ملنے کے بیانات کے باعث گزشتہ ہفتے تو مارکیٹ میں تیزی رہی، لیکن وزیر اعظم کا دورہ ختم ہو گیا اور ڈالر ملنے کا اعلان بھی نہیں ہوا، جس سے بازار دوبارہ مندی کا شکار ہو گیا۔