زمین پر فساد کرنیوالے سیاستدانوں کو خلا میں بھیج دینا چاہیے: فواد چودھری

زمین پر فساد کرنیوالے سیاستدانوں کو خلا میں بھیج دینا چاہیے: فواد چودھری


اسلام آباد(24نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سی پیک سے ترقی کے دروازے کھل رہے ہیں، انھوں  نے کہا کہ زمین پر فساد کرنیوالے سیاستدانوں کو خلا میں بھیج دینا چاہیے۔ 

میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ  وزیراعظم کاسعودی عرب کی طرح چین کا دورہ بھی کامیاب رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے کھڑا ہوا، چین کے ساتھ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، دورہ چین میں تاریخی معاہدوں پردستخط ہوئے، چین کے دورے میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں، سی پیک سے ترقی کے دروازے کھل رہے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مقامی کرنسی میں تجارت کا فائدہ یہ ہے کہ ہمیں 15 بلین ڈالر کی تجارت پر ڈالر میں رقم دینا ہو تو ہمارے زرمباردلہ پر دباؤ آتا ہے، یوآن میں کاروبار کرنے سے ہمارے ڈالر کو کوریج ملے گی، یہ کرنسی سپورٹ کا حصہ ہے، انھوں نے کہا چائنا کے اکنامک پیکج پر اسد عمر اور خسرو بختیار واپس آکر مزید تفصیلات بتائیں گے۔

فواد چودھری  نے کہا کہ ن لیگ والے ہر چیز اپنے خاندان پر لے جاتے ہیں، شکر ہے یہ نہیں کہاکہ میاں شریف کی وجہ سے چین سے تعلقات ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عالمی برداری سے تعلقات پہلے کی نسبت اچھے ہورہے ہیں۔ 

بعض سیاستدانوں کو خلا میں بھیجنے کا مشورہ

انھوں نے کہا کہ 2022 میں پہلا پاکستانی خلا میں جارہا ہے، سپارکو سے کہوں گا  کہ زمین میں فساد پھیلانے والے کچھ سیاسی لوگوں کوبھی خلا میں بھیج دینا چاہیئے اور واپسی کا راستہ نہ چھوڑیں تو ہماری بچت ہوجائے گی۔اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفا ق نے گزشتہ دس سالوں میں سندھ حکومت 75ہزار کروڑ روپے دیئے ہیں جس کا پیپلزپارٹی کو حساب دینا چاہیئے کیونکہ سندھ کی حالت دیکھ کرنہیں لگتا کہ یہ پیسے صوبے پر خرچ کئے گئے ہیں ۔ 

پیپلز پارٹی کافواد چودھری کے بیان پر ردعمل

پیپلزپارٹی کے سینررہنما خورشید شاہ  نے فواد چودھری کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ یہ سسٹم چلے مگر ایک شخص مسلسل ایسی بات کررہا ہے جو پورے نظام کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضی وہاب کا فواد چودھری کے بیان پر کہنا ہے کہ وہ مالی معاملات بارے کُچھ نہیں جانتے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنمافیصل کریم کنڈی کا موقف تھا کہ مختلف جماعتوں کیخلاف باتیں کرنا ہی وزیر اطلاعات کا کام ہے ۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔