قومی اسمبلی میں غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال، اجلاس جنگ میں تبدیل

قومی اسمبلی میں غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال، اجلاس جنگ میں تبدیل


اسلام آباد (24نیوز)  قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی ، غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر پیپلزپارٹی کے رفیع اللہ شاہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبدالمجید خان نیازی کو مارنے کیلئے دوڑ پڑے، اسپیکر نے صورتحال دیکھ کر اجلاس ملتوی کردیا۔

قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عبدالمجید خان کے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر پیپلزپارٹی کے رکن رفیع اللہ شاہ آپے سے باہر ہو گئے۔گالی دینے پر رفیع اللہ شاہ ان کومارنے کیلئے دوڑ پڑے جس پر ارکان قومی اسمبلی نے ان کوپیچھے دوڑ کر حکومتی بنچوں پر روک لیا۔

اس موقع پراسپیکر نے دونوں ارکان کوایوان سے نکالنے کی وارننگ بھی دی لیکن اس کے باوجود ایوان میں ہنگامہ جاری رہی تو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے اجلاس کل صبح 11 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔

پارلیمانی زرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دونوں ارکان کو کل صبح ساڑھے 10بجے چیمبر میں طلب کرلیا جبکہ دونوں ارکان کی مابین صلح صفائی کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، 9 رکنی کمیٹی میں 3 حکومتی، 3 پی پی اور 3 لیگی اراکین شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے وزیردفاع پرویز خٹک، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان,اور عامر ڈوگر شامل ہیں، پی پی کی جانب سے سید خورشید شاہ، نوید قمر اور عبدالقادر پٹیل جبکہ ن لیگ کی جانب سے ایازصادق، احسن اقبال اور مرتضی جاوید عباسی شامل ہیں۔ دونوں ارکان کے مابین معاملہ کل صبح اجلاس شروع ہونے قبل ختم کیاجائےگا۔

اس سے قبل اجلاس میں تحریک انصاف کے رکن عبدالمجید خان نیازی نے مسلم لیگ ن کے احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ خان سے بھی جھگڑا کرنے کی کوشش کی تھی اورشازیہ مری کی تقریر کے دوران بھی غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے تھے ۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔