امن کے نوبل انعام کا فیصلہ ہو گیا

امن کے نوبل انعام کا فیصلہ ہو گیا


لاہور(24 نیوز) 2018 کا امن نوبل انعام  مشترکہ طور پرافریقی ملک کانگو سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مک ویج اور جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی عراقی خاتون نادیہ مراد کو مل گیا ہے۔

نوبل انعام کا فیصلہ کرنے والی ناروے کی کمیٹی کے مطابق  ان دونوں شخصیات کا انتخاب جنسی تشدد کو جنگوں اور مسلح تصادم کے دوران بطور ہتھیار استعمال روکنے کے لیے ان کی کوششوں پر کیا گیا ہے۔ نادیہ مراد کا تعلق عراق میں آباد یزیدی اقلیت سے ہے ،نادیہ مراد نے جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے ساتھ ہونے والے جرم پر خاموش رہنے سے انکار کیا اور اپنے ساتھ بیتنے والے ظلم کی کہانی دنیا کے سامنے لا کر زیادتی کا شکار ہونے والی تمام خواتین کی نمائندگی کی۔

ڈاکٹر مک ویج ایک گائناکولوجسٹ ہیں جنہیں خانہ جنگی کا شکار افریقی ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں جنسی تشدد کا شکار ہونے والے سیکڑوں خواتین کا علاج کرنے کے عوض اس انعام سے نوازا گیا ہے۔دونوں شخصیات کا انتخاب تقریباً 331  افراد اور تنظیموں میں سے عمل میں آیا جنہیں رواں سال امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔