فاروق ستار کو بھی کپتان کی ٹیم میں شامل ہونے کی پیش کش

03:15 PM, 5 Sep, 2018

اظہر تھراج

کراچی (24 نیوز) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوکر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کے مشترکہ دوستوں نے مجھے ضمی انتخاب لڑنےکی دعوت دی۔
سندھ ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک صحافی کے سوال پر بتایا کہ پی ٹی آئی کے مشترکہ دوستوں نے مجھے ضمی انتخاب لڑنےکی دعوت دی اور کہا ہے کہ آپ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے این اے 247 کا الیکشن لڑیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے صدر منتخب ہونے پر عارف علوی کو مبارک باد دی اور کہا این اے 247 سے عارف علوی جیت گئے اور مجھے ہرایا گیا، اب امید ہے عارف علوی کراچی کی بھلائی کے لئے کام کریں گے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کے ایم کیوایم کے کئی فیصلوں میں مجھے شامل نہیں کیا گیا یا میں خود نہیں ہوا، لیکن دلبرداشتہ نہیں ہوں جب کہ دوسری جانب علی رضا عابدی نے رابطہ کمیٹی سے دلبرداشتہ ہو کر استعفیٰ دیا، اب بھی وقت ہے انہیں منانا چاہیئے۔

مزیدخبریں