کیا سابق صدر آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت ملے گی؟ فیصلہ محفوظ

کیا سابق صدر آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت ملے گی؟ فیصلہ محفوظ


اسلام آباد(24نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی گئی، احتساب عدالت نے سابق صدر کو جیل میں ایئرکنڈیشن کی سہولت نہ ملنے پر توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا.

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت ہوئی، جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث سماعت ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے کی. عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس نے سابق صدر کو اے سی اور فریج کی سہولت فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر بھی سماعت کی، سابق صدر آصف زرداری خود روسٹرم پر آئے اور کہا کہ اس سے قبل بھی اڈیالہ اور دیگر جیلوں میں مجھے یہ سہولتیں دی جاتی رہی ہیں لیکن اب انکار کردیا گیا۔

پیشی کے بعد سابق صدر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان شااللہ یوم دفاع منائیں گے، کشمیر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے جذبات کشمیری عوام کے ساتھ ہیں.

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔